نئی دہلی، 24؍جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزارت خزانہ پر حملے کو نئی سطح پر لے جاتے ہوئے بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے آج اپنے اوپر قابو رکھنے کی سفارش دینے والوں کو یہ کہتے ہوئے ڈھکے چھپے انداز میں دھمکی دی کہ اگر وہ نظم و ضبط کو نظرانداز کریں گے تو طوفان آ جائے گا۔انہوں نے واضح طور پر وزیر خزانہ ار جیٹلی پر نشانہ لگاتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ بغیر مانگے مجھے نظم و ضبط اور صبر وتحمل کا مشورہ دینے والے لوگ یہ نہیں سمجھ رہے ہیں کہ اگر میں نے نظم و ضبط کو نظرانداز کیا تو طوفان آ جائے گا۔سوامی نے حالانکہ جیٹلی کا نام نہیں لیالیکن وہ واضح طورپران کا اشارہ وزیر خزانہ کی طر ف تھا جنہوں نے بدھ کو ان سے چیف اقتصادی مشیر اروند سبرامنیم پرحملے کے پیش نظر تحمل اور نظم و ضبط رکھنے کی اپیل کی تھی۔سوامی کی طرف سے کل اقتصادی امور کے سکریٹری شکتی کانت داس پر نشانہ سادھنے کے پیش نظر سکریٹری کے دفاع میں بھی جیٹلی نے نظم و ضبط لفظ کا استعمال کیا تھا۔جیٹلی پر ایک اور طنز کستے ہوئے سوامی نے بی جے پی سے کہا کہ وہ اپنے وزراء کو ہدایت دیں کہ جب وہ بیرون ملک جائیں تو روایتی اور جدید ہندوستانی لباس پہنیں ۔غور طلب ہے کہ آج اخبارات میں جیٹلی کی بینک آف چائنا کے صدر تیان گؤلی سے ملاقات کی تصویر شائع ہوئی ہے جس میں انہوں نے لاؤنج سوٹ پہنا ہوا ہے۔سوامی نے ایک دوسرے ٹوئٹ میں کہاکہ بی جے پی کو اپنے وزراء کو ہدایت دینی چاہیے کہ وہ بیرون ملک سفر کے دوران روایتی اور جدید ہندوستانی لباس پہنیں ۔کوٹ اور ٹائی میں وہ ویٹر جیسے لگتے ہیں۔سوامی گزشتہ دو تین دنوں سے ٹوئٹر پر کافی سرگرم نظرآرہے ہیں اور وزارت خزانہ کے افسران پر نشانہ سادھ رہے ہیں نیز جیٹلی پربھی طنز کے تیر برسا رہے ہیں۔